بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کر رہے، سیدال ناصر
اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی کشمیر رانا قاسم نون کے ہمراہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کے رکن عمران حسین نے 15 رکنی وفد کے ساتھ ملاقات کی۔
پاکستان اور برطانیہ کے مابین پارلیمانی، معاشی اور اقتصادی تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار، پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ Orphans in Needکے نمائندوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ یہ تنظیم دنیا کے چودہ ممالک میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیموں اور بیواؤں کیلئے یہ ایک قابلِ تحسین کام ہے۔ بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
جس کا دائرہ کار ملک کے مزید پسماندہ علاقوں تک بڑھایا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 24پسماندہ اضلاع میں سے 17صوبہ بلوچستان میں واقع ہیں، جہاں دہشت گردی، امن و امان، سکیورٹی اور تجارتی مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کو ایشیا کا سنٹرل گیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پسماندگی کا شکار ہے، جسے مشترکہ کاوشوں سے دور کیا جاسکتا ہے۔ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔