برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، فیصل راٹھور
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون اور برطانوی رکن پارلیمنٹ چوہدری عمران نے ملاقات کی۔
مسئلہ کشمیر، خطے کی موجودہ صورتحال اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی عالمی ضمیر کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ انہو ں نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے مسئلہ کشمیر پر اصولی موقف اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔