پی ٹی آ ئی کو 9 مئی جیسے واقعات نہیں دہرانے دینگے ، امیر مقام

پی ٹی آ ئی کو 9 مئی جیسے واقعات نہیں دہرانے دینگے ، امیر مقام

8فروری کو ہڑتال ناکام،’’قیدی ‘‘کو مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا،راولپنڈی میں خطاب

 راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو 8 فروری کو ملک میں انتشار پھیلانے اور 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ 8 فروری کو ہڑتال ناکام ہوگی ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے کبھی لاہور، کبھی اسلام آباد، کبھی کراچی اور کبھی اڈیالہ جیل کے چکر لگا رہے ہیں۔راولپنڈی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ ایک انوکھی صورتحال ہے کہ وزیراعلیٰ اپنے ہی صوبے میں، اپنی ہی حکومت میں احتجاج کر رہے ہیں۔

صوبے میں امن و امان کی صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ لوگ شام کے بعد گھروں سے نکلنے سے خوفزدہ ہیں۔ ’’ قیدی 804‘‘ کو قانون کے مطابق مقدمات کا سامنا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پختون عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ٹی آئی کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو تاریخی اور جرأت مندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کی سازشوں کے خلاف ملک کا کامیابی سے دفاع کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی اور اے این پی سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنے حامیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ امیر مقام نے انہیں پارٹی ٹوپیاں اور مفلر پہنائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں