اسلام آباد، مین ہولز کورز لگانے، فٹ پاتھوں کی مرمتی کی مہم شروع
شہری و دیہی علاقوں میں گٹروں، مین ہولز کو ڈھکنوں سے ڈھانپا جائے،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر شہر میں مین ہولز کورز لگانے، فٹ پاتھوں کی مرمت اور سڑکوں پر نصب کرب سٹونز کی بحالی کی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو احکامات بھی جاری کر دئیے ہیں۔ شہریوں بالخصوص بچوں کی جان کے تحفظ اور سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے جامع اور فوری عملی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
مہم کے تحت اسلام آباد کے تمام شہری و دیہی علاقوں میں کھلے گٹروں/ مین ہولز کو معیاری اور محفوظ ڈھکنوں سے ڈھانپا جائیگا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حدود میں واقع ہر مین ہول، چاہے وہ سی ڈی اے، پی ٹی سی ایل، واپڈا، ایس این جی پی ایل یا کسی دیگر ادارے کے زیرِ انتظام ہو، کو ہر صورت معیاری ڈھکن سے ڈھانپا جائے۔ سی ڈی اے و ضلعی انتظامیہ کی متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔