ہوٹل ، فوڈپوئنٹس کی آڑ میں مبینہ بد کاری کے اڈے
شہر کے مختلف رہائشی اور پوش علاقوں میں بااثر افراد کی جانب سے مساج سینٹرز بھی بنا لئے گئے ،نوجوان نسل متاثر، شہری پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہر کے مختلف رہائشی اور پوش علاقوں میں بااثر افراد کی جانب سے ہوٹلز، ہاسٹلز اور فوڈ پوائنٹس کی آڑ میں مبینہ طور پر مساج سینٹرز اور بدکاری کے اڈے قائم کیے گئے ہیں، جو علاقے کے مکینوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ان مساج سینٹرز اور بدکاری کے اڈوں کی وجہ سے نوجوان نسل، خاص طور پر طلباء و طالبات، آسانی سے اس غیر اخلاقی سرگرمی کا شکار ہو رہی ہے اور ان کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں جیسے مدینہ ٹاؤن، ہریاں والا روڈ، گیٹوں والا چوک، کوہ نور، سوساں روڈ، کشمیر روڈ، کینال روڈ، ڈی گراؤنڈ، گلبرگ، بی سی ٹاور روڈ اور پیپلز کالونی میں بااثر افراد کی جانب سے یہ غیر قانونی مراکز چلائے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان مراکز کے مالکان بلا خوف و خطر فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی خدمات کی تشہیر بھی کر رہے ہیں، جس سے نوجوان نسل، خاص طور پر طلباء و طالبات، ان مراکز کی جانب راغب ہو رہی ہے ۔علاقہ مکینوں نے پولیس کو شکایات کے باوجود مبینہ طور پر کارروائی نہ کرنے اور بھاری نذرانے وصول کرنے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس اور متعلقہ حکام فوری طور پر ان بااثر اور ہائی پروفائل تعلقات کے حامل افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں اور معاشرے کو اس کالے اور غیر اخلاقی دھندے سے پاک بنایا جائے ۔