جڑانوالہ : انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، والدین سے تعاون کی اپیل
پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک بچوں کو پو لیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کی زیر نگرانی شہر اور گردونواح میں انسدادِ پولیو مہم آج 2 فروری سے شروع ہو کر 5 فروری تک جاری رہے گی۔یہ بات ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا نے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران محکمہ صحت کی تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی تاکہ کوئی بچہ اس موذی مرض سے محروم نہ رہے۔
ڈاکٹر شہزاد رانا نے والدین سے اپیل کی کہ وہ قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے ، تاہم حفاظتی ویکسین کے صرف دو قطرے بچوں کو اس مرض سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے ، اور انتظامیہ و محکمہ صحت اس مقصد کے حصول کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کے روشن و محفوظ مستقبل کو یقینی بنائیں۔