ملک آباد کے رہائشیوں کی رانا ثنا سے ملاقات، مسائل بتائے

 ملک آباد کے رہائشیوں کی رانا ثنا سے ملاقات، مسائل بتائے

پینسرہ (نمائندہ دنیا)آبادی ملک آباد، چک سدھار کے رہائشیوں کے ایک وفد نے مشیرِ وزیراعظم رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی اور علاقے کے نکاسیٔ آب کے دیرینہ اور سنگین مسئلے پر تفصیلی گفتگو کی۔

وفد نے بتایا کہ ناقص نکاسیٔ آب کے باعث گلیوں اور گھروں میں گندا پانی جمع رہتا ہے ، جس سے مقامی رہائشیوں کی معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔اس موقع پر رانا ثنااللہ نے وفد میں شامل رانا ارشد، نمبر دار مرتضیٰ گیلانی، ملک قادر اور دیگر افراد پر مشتمل نمائندہ وفد تشکیل دیا اور انہیں ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی ہدایت کی۔بعد ازاں نمائندہ وفد کی ضلعی انتظامیہ سے ملاقات ہوئی، جہاں انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ چند ہی دنوں میں ملک آباد کے رہائشیوں کا نکاسیٔ آب کا مسئلہ حل کر دیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ اسی ہفتے کے اندر اندر نکاسیٔ آب کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا۔ تاہم، علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آٹھ دن کے اندر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ سدھار اور ملحقہ علاقوں، بالخصوص ملک آباد کے رہائشی، احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں وہ شہری احتجاج کرتے ہوئے جھنگ روڈ کو بلاک کر دیں گے ، اور اس کی تمام ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں