کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ
ناصر شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس،وزیر اعلیٰ کو ماہانہ رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ 26اہم شاہراہوں کی بہتری اور بیوٹیفکیشن ترجیح، بروقت تکمیل کی سخت ہدایت
کراچی (آئی این پی)وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر قائم اعلیٰ سطح کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں میئر مرتضیٰ وہاب، کمشنر حسین نقوی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری محکمہ بلدیات وسیم شمشاد، چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم بلال احمد میمن سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کراچی انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ پالیسی کے تحت کے ایم سی کے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور اسکیموں کا تفصیلی اور جامع جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کمیٹی کے ایم سی کے ترقیاتی منصوبوں کی براہ راست نگرانی کرے گی۔
منصوبوں کی ترجیحات کا واضح تعین کیا جائے گا اور پیش رفت سے متعلق وزیر اعلیٰ کو ماہانہ بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں گے ۔ اجلاس میں منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں مؤثر ہم آہنگی کیلئے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندے کو کمیٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں شہر کی مختلف اہم سڑکوں اور شاہراہوں کی بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے 26 اہم سڑکوں سے متعلق تمام پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر فیصلے کیے جائیں گے ۔