ارفع کریم کی سالگرہ،آرٹس کونسل،لائل پور میوزیم کی تقریب

ارفع کریم کی سالگرہ،آرٹس کونسل،لائل پور میوزیم کی تقریب

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی کم عمر آئی ٹی سرٹیفائیڈ ماہر ارفع کریم کی 31ویں سالگرہ کے موقع پر ایک باوقار تقریب آرٹس کونسل اور لائل پور میوزیم کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔

تقریب کا انعقاد ارفع کریم کی علمی خدمات، غیر معمولی صلاحیتوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ان کے نمایاں کارناموں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لائل پور میوزیم مقبول احمد ملک نے دیگر افسران کے ہمراہ کیک کاٹا۔ادھر مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے لائل پور میوزیم میں قائم ارفع کریم کارنر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں ارفع کریم کی تعلیمی جدوجہد، عالمی اعزازات اور آئی ٹی کے میدان میں ان کی تاریخی کامیابیوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر لائل پور میوزیم مقبول احمد ملک نے کہا کہ ارفع کریم آج بھی نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کے لیے علم، محنت اور خود اعتمادی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی تقاریب نہ صرف قومی ہیروز کی خدمات کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ نئی نسل میں سائنسی شعور، تحقیق اور تخلیقی سوچ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں