پولیس میں سٹیشنری کا بحران نذرانوں کی شکایات
2سال ہو گئے پیپرز، پینسلز اور دیگر سٹیشنری کے سامان کی قلت کا مسئلہ حل نہیں ہو سکا، فنڈز کی کمی سے پو لیس کے محکمانہ امور بھی متاثر ہو رہے
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ضلع بھر کے پولیس تھانہ جات، پولیس چوکیوں، ایس ایس پیز، ایس پیز، ڈی ایس پیز کے دفاتر اور پولیس کی مختلف برانچوں میں گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے مبینہ طور پر پیپرز، پینسلز اور دیگر سٹیشنری کے سامان کی شدید قلت کا مسئلہ تاحال حل نہ ہو سکا۔سٹیشنری کے سامان کی کمی کے باعث نہ صرف پولیس کے محکمانہ امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں بلکہ مختلف نوعیت کے کاموں کے لیے پولیس دفاتر اور تھانہ جات میں آنے والے سائلین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے باعث مبینہ طور پر بے ضابطگیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جب وہ مختلف نوعیت کے کام کاج کے لیے پولیس تھانہ جات یا افسران کے دفاتر میں رجوع کرتے ہیں تو وہاں تعینات بعض افسران اور اہلکار مبینہ طور پر سٹیشنری کے سامان کے نام پر بھاری مالیت کے نذرانے طلب کرتے ہیں۔
بصورت دیگر ان کے کام میں تاخیر اور ٹال مٹول کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے ، جس کے باعث شہری مجبوری کے تحت نذرانے ادا کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث سٹیشنری کی عدم دستیابی سے نہ صرف پولیس کے اندرونی امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ اس سے محکمہ پولیس کا مجموعی تشخص بھی بری طرح مجروح ہو رہا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام فنڈز کی فراہمی اور اسٹیشنری کے سامان کی قلت کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں، تاکہ پولیس کے محکمانہ امور بہتر انداز میں انجام پا سکیں اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔