آشیانہ ہائوسنگ سکیم مکوآنہ: منصوبہ غفلت کا شکار کڑوڑوں کی لاگت سے بنے گھر خراب

آشیانہ ہائوسنگ سکیم مکوآنہ: منصوبہ غفلت کا شکار کڑوڑوں کی لاگت سے بنے گھر خراب

کمیونٹی سنٹر، ڈسپنسری، ہیلتھ کلب اور کمرشل ایریا نہ بن سکا، ٹرانسفارمرز سے قیمتی تانبہ چوری ہو چکا ،غیر آباد گھروں کی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،سیوریج سسٹم تباہ حال

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) فیصل آباد کی آشیانہ ہاوسنگ سکیم مکوآنہ منصوبہ پی ایل ڈی سی کی غفلت کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہونے لگا ہے ۔ کمیونٹی سنٹر، ڈسپنسری، ہیلتھ کلب اور کمرشل ایریا نہ بن سکے جبکہ رہائشی کوارٹرز کی الاٹمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حال ہو گئے ہیں۔سال 2011 میں کم آمدن والے افراد کی رہائش کے لیے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے آشیانہ ہاوسنگ سکیم کا آغاز کیا گیا۔ اس کے لیے مکوآنہ کا انتخاب کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا یہاں مجموعی طور پر 2,800 رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے ۔1,170 کے بجائے صرف 100 گھر تعمیر ہو سکے ، 70 گھر الاٹ اور آباد ہیں جبکہ 30 سے زائد گھروں کی الاٹمنٹ کینسل ہو چکی ہے اور وہ غیر آباد ہیں۔ غیر آباد گھروں کی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سیوریج سسٹم تباہ حال ہے ، فرش بیٹھ چکے ہیں اور کھڑکیاں و دروازے ٹوٹ چکے ہیں۔

کالونی کے دو بڑے ٹرانسفارمرز سے قیمتی تانبہ چوری ہو چکا ۔کمیونٹی سنٹر، ہیلتھ کلب، کمرشل ایریا، ڈسپنسری ۔پبلک پارک تعمیر نہیں ہو سکے ۔ ابتدا میں پی ایل ڈی سی کے ملازمین میں 1 کیئر ٹیکر، 2 مالی اور 4 سکیورٹی گارڈز ڈیوٹی پر تھے ، لیکن اب صرف 1سکیورٹی سپروائزر اور 1گارڈ ڈیوٹی کر رہے ہیں، اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی پر کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گھر تباہ حال ہیں ۔سی ای او پی ایل ڈی سی نجف اقبال کا کہنا ہے کہ منصوبے پر دوبارہ کام کیا جائے گا اور جلد بہتری نظر آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں