نگہبان رمضان پروگرام: رمضان کارڈ دسترخوان اور سہولت بازاروں کے قیام کے اقدامات

نگہبان رمضان پروگرام: رمضان کارڈ دسترخوان اور سہولت بازاروں کے قیام کے اقدامات

کارڈ کے ذریعے فی خاندان 10ہزار روپے کی مالی امداد گھر گھر جا کر فراہم کی جائے گی، اسسٹنٹ کمشنرز کو تحصیل کی سطح پر فوکل پرسنز نامزد کرنے کی ہدایت، 48رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ماہِ صیام کے دوران مستحق خاندانوں میں نگہبان رمضان پروگرام کے تحت رمضان کارڈ کی شفاف تقسیم اور روزہ داروں کے لیے رمضان دسترخوان اور رمضان سہولت بازار قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نگہبان رمضان پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو رمضان کارڈ کے ذریعے فی خاندان 10 ہزار روپے کی مالی امداد گھر گھر جا کر فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رمضان کارڈ کے تحت مستحقین کو پے آرڈر کے ذریعے شفاف ادائیگیاں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ تحصیل کی سطح پر فوکل پرسنز نامزد کیے جائیں تاکہ پروگرام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 48 رمضان دسترخوان قائم کیے جائیں گے ، جبکہ ہر تحصیل میں 8 مقامات پر دسترخوانوں کے قیام اور بہترین انتظامات کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی بھی تاکید کی گئی۔انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازاروں میں شہریوں کو اشیائے خورونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی، جبکہ سہولت بازاروں اور رمضان دسترخوانوں کے انتظامات فی الفور مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں