عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی ستون :مولانا الیاس چنیوٹی
دنیاکشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے زیرِ اہتمام ادارہ مرکزیہ دعوت و ارشاد چنیوٹ میں منعقدہ پندرہ روزہ ختم نبوت کورس کی اختتامی تقریب انتہائی جوش و خروش سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔صدرِ مجلس مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کا بنیادی ستون ہے اور اس کا تحفظ پورے دینِ اسلام کی حفاظت کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام اسلام کے نام پر عمل میں آیا اور اس کی بقا و استحکام صرف نظامِ اسلام سے وابستگی میں مضمر ہے ۔مولانا محمد الیاس نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں کشمیری عوام کو ان کے جائز حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے۔
اس موقع پر مولانا محمد الیاس نے انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے پرچم کی پرچم کشائی کی اور پاکستان کے مرکزی دفتر کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ تقریب میں مولانا قاری احمد علی ندیم، مولانا حافظ گلزار احمد آزاد، مولانا ضیاء الحق چنیوٹی، مفتی محمد احمد چنیوٹی، قاری محمد اسلم، مولانا سیف اﷲ خالد اور مولانا بدر عالم چنیوٹی نے خطاب کیا اور شرکاء کو عقیدے کی پختگی پر زور دیا۔مہمانانِ خصوصی میں صدر چیمبر آف کامرس فہد نعیم فخری، ماسٹر اکرام الحق بھٹی، پیر عابد علی نقشبندی، مفتی فیصل رشید اور حاجی مظہر شامل تھے ، جنہوں نے طلبا اور شرکامیں اسناد اور انعامات تقسیم کیے ۔