سمندری:انجمن تاجران اور مختلف تنظیموں کی مشترکہ ریلی
قیادت اسسٹنٹ کمشنر قمر محمود منج نے کی ،شہریوں کی کثیر تعداد کی شرکت
سمندری (نمائندہ دنیا )یومِ یکجہتی کشمیر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ کلاک ٹاور چوک سے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مرکزی انجمن تاجران، ینگ ویلفیئر سوسائٹی، المجاہد ویلفیئر آرگنائزیشن اور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں میاں وحید احمد، میاں عبدالرشید، میاں شبیر احمد مہالمی، ملک محمد شفیع، میاں ممتاز علی، شیخ ہارون ارشاد ایڈووکیٹ، مولانا محمد یاسر علوی اور دیگر شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تحصیل انتظامیہ کی جانب سے میونسپل کمیٹی میں سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا اور ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر قمر محمود منج نے کی۔
ڈی ایس پی آفتاب صابر، چیف آفیسر طاہر فاروق اور تاجران کے صدر میاں شبیر احمد مہالمی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے سیمنار اور ریلی میں حصہ لیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی آزادی کے لیے پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ سمندری کی فضا میں \"کشمیر بنے گا پاکستان\"، \"کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی\" اور \"پاک فوج زندہ باد\" کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔