چناب کالج چنیوٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر پر تقریب کا انعقاد
طلبہ نے تقاریر، ملی نغمے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی پیغامات پیش کیے
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )چناب کالج چنیوٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور اُن کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، پرنسپل فرخ خان، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر کلاجز سید منور شاہ، کالج کے اساتذہ، طلبہ و طالبات اور انتظامیہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔طلبہ نے تقاریر، ملی نغمے اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی پیغامات پیش کیے جنہیں شرکا نے خوب سراہا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
جس میں ہزاروں کشمیری اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کریں۔تقریب میں کشمیری شہداکے درجات کی بلندی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، جبکہ اختتام پاکستان اور کشمیر کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے عزم کے اعادے اور قومی ترانے کے ساتھ ہوا۔