ایکسائز دفاتر میں ٹاؤٹ مافیا متحرک ، رشوت عام

ایکسائز دفاتر میں ٹاؤٹ مافیا متحرک ، رشوت عام

گاڑیوں کی رجسٹریشن، ملکیت کی تبدیلی، پراپرٹی ٹیکس اور دیگر امور کیلئے آ نے والے شہری افسروں کے مختلف اعتراضات سے بچنے کیلئے ٹائوٹ مافیا کا سہارا لینے پر مجبور

فیصل آباد (عبدالباسط سے )محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی پراپرٹی ٹیکس، موٹر وہیکل برانچ اور دیگر برانچز کے افسران و ملازمین کی مبینہ غفلت اور بدانتظامی کے باعث شہریوں کو اپنے کام کے لیے ٹاؤٹ مافیا کا سہارا لینا پڑ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گاڑیوں کی رجسٹریشن، ملکیت کی تبدیلی، پراپرٹی ٹیکس اور دیگر امور کے سلسلے میں آنے والے شہریوں کو افسران کی جانب سے فائلوں میں مختلف اعتراضات لگا کر مایوس کیا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے شہری ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے اپنے کام کروانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔محکمہ کے افسران اور ملازمین مبینہ طور پر ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے کام کروانے کے عوض بھاری رقوم وصول کرتے ہیں، جنہیں افسروں ، ملازمین اور ٹاؤٹ مافیا میں تقسیم کیا جاتا ہے ۔ اس صورتحال کی وجہ سے شہری نہ صرف محکمانہ فیسیں ادا کرتے ہیں بلکہ اضافی رقوم بھی خرچ کرنا پڑتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق موٹر وہیکل برانچ کے شعبہ نیو رجسٹریشن اور ملکیت تبدیلی کے کاؤنٹرز پر تعینات افسران شہریوں کو دفتری اوقات ختم ہونے سے قبل واپس بھیج دیتے ہیں، جبکہ وہی کام اگر ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے کروایا جائے تو فوری طور پر مکمل کر دیا جاتا ہے ۔ اسی طرح پراپرٹی ٹیکس، پروفیشنل ٹیکس اور دیگر برانچز میں بھی شہریوں کو مبینہ طور پر مختلف اعتراضات اور ناروا رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس کے باعث شہری دوبارہ ٹاؤٹ مافیا کا سہارا لیتے ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹاؤٹ مافیا کے ذریعے حاصل ہونے والی رقوم سینیئر حکام اور افسران میں بھی تقسیم کی جاتی ہیں، جس سے وہ محکمانہ کاروائیوں سے محفوظ رہتے ہیں۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ کیا جائے اور متعلقہ افسران و ملازمین کا سخت احتساب کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور شفاف سروسز فراہم کی جا سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں