ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تھانہ رجانہ میں کھلی کچہری

ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تھانہ رجانہ میں کھلی کچہری

شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، مسائل کے فوری حل کے احکامات

رجانہ (نمائندہ دنیا)ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ فضل عباس نے یونین کونسل رجانہ، علاقہ تھانہ رجانہ میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ عبد الکریم کی ہدایات اور ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی خصوصی نگرانی میں منعقدہ اس کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیے ۔ڈی پی او فضل عباس نے عوامی شکایات کو سنجیدگی سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ افسروں کو فوری اور مؤثر حل کے لیے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں پولیس اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کا اہم ذریعہ ہیں۔

اس کے ذریعے نہ صرف عوامی مسائل فوری حل ہوتے ہیں بلکہ شہریوں کو یہ یقین دہانی بھی کرائی جاتی ہے کہ پولیس ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پولیس کا اولین فرض ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط تعلقات جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی نظام کامیاب نہیں ہو سکتا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں