عبادت گاہ پر حملہ بزدلانہ،انسانیت سوز جرم ہے :پیپلز پارٹی
ایسے عناصر کا نہ کوئی دین ہے اور نہ ہی انسانیت سے کوئی تعلق:اعجاز چودھری
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد اعجاز چودھری نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسان کے روپ میں شیطان ہیں جو عبادت کے دوران نمازیوں پر درندگی اور سفاکی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور مسجد و امام بارگاہوں کو بھی نشانہ بنانے سے باز نہیں آتے ۔انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد اور امام بارگاہ میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، محمد اعجاز چودھری نے کہا کہ عبادت گاہ پر حملہ بزدلانہ، قابلِ نفرت اور انسانیت سوز جرم ہے ، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
عبادت گاہ میں خودکش حملہ انسان دشمنی کی بدترین مثال ہے ، ایسے عناصر کا نہ کوئی دین ہے اور نہ ہی انسانیت سے کوئی تعلق۔انہوں نے معصوم اور بے گناہ جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک واقعے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے ۔ ضلعی صدر نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس دکھ کی گھڑی میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔