یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ:ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا
فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور2لاکھ روپے نقد انعام ملا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ایف ڈی اے اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقدہ یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ ننکانہ کبڈی کلب نے جیت لیا، جس نے فائنل میچ میں شیر پنجاب ٹائیگرز کبڈی کلب کو 35 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی اور تین لاکھ روپے نقد جبکہ رنر اپ ٹیم کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے نقد انعام دیا گیا۔ایف ڈی اے سٹی کے ڈی بلاک گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میچ کے مہمان خصوصی ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری مہمانِ اعزاز تھے۔
اس موقع پر چیف انجینیئر ایف ڈی اے مہر ایوب، پراجیکٹ ڈائریکٹر/ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سہیل مقصود پنوں، ایف ڈی اے کے دیگر افسران، ڈویژنل سپورٹس آفیسر منظر شاہ، آرگنائزنگ سیکرٹری طیب گیلانی، عمائدینِ شہر، شعبہ سپورٹس کی ممتاز شخصیات اور کبڈی کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
سانجھا پنجاب کبڈی کلب اور مزمل بوٹا آزاد کبڈی کلب نے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافی اپنے نام کی۔ مہمان خصوصی اور مہمانِ اعزاز کا فائنل کھیلنے والی ٹیموں سے تعارف کرایا گیا اور بعد ازاں انعامات تقسیم کیے گئے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ظفر اقبال ناگرا نے یوم یکجہتی کشمیر کبڈی کپ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور دیگر شریک ٹیموں کے شاندار کھیل کو سراہا۔