ٹھیکریوالا: لیبر قومی موومنٹ کی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

ٹھیکریوالا: لیبر قومی موومنٹ کی کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی

بڑی ریلی نکالی گئی، سینکڑوں مزدور شریک ہوئے ، نعرے بازی کی گئی

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )لیبر قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں مزدور شریک ہوئے ۔ ریلی سکیٹر 241 ر۔ب چینچل سنگھ والا میں منعقد کی گئی اور اس کی قیادت میاں عابد، بابا الیاس، ملک فضل الہی، بابر شفیق رندھاوا، رانا بلو اور دیگر نے کی۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ، جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے ۔ شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی شدید مذمت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں اور عالمی برادری کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے محنت کش طبقے کا کشمیری عوام کے ساتھ گہرا رشتہ ہے اور یہ یکجہتی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو ان کا حق حاصل نہیں ہوتا۔ مقررین نے کشمیری عوام کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرنے کا بھی اعادہ کیا۔بعد ازاں ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں