جڑانوالہ:پولیو مہم ، 3 لاکھ 20 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے
دور دراز علاقوں، جھگی بستیوں،خصوصی مقامات پر بچوں تک رسائی یقینی بنائی گئی
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)جڑانوالہ میں انسدادِ پولیو مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس کے دوران تین لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈاکٹر شہزاد رانا نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ، جبکہ دور دراز علاقوں، جھگی بستیوں اور دیگر خصوصی مقامات پر بھی بچوں تک رسائی یقینی بنائی گئی۔ڈاکٹر شہزاد رانا نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے لیے والدین کا تعاون نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ اسٹاف نے سخت موسمی حالات کے باوجود ذمہ داری سے اپنے فرائض انجام دئیے ۔