گوجرہ:ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو 4 لاکھ روپے جرمانہ

 گوجرہ:ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو 4 لاکھ روپے جرمانہ

کمشنر راجہ جہانگیر انورکا ہسپتال کابھی دورہ ،سیوریج، بیوٹیفکیشن منصوبوں کا معائنہ

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اور ہسپتال اور شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے وارڈز اور واش رومز میں صفائی کا معیار نہ ہونے پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو 2 لاکھ روپے جبکہ شہر میں غیر تسلی بخش صفائی پر ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹر کو 2 لاکھ روپے جرمانہ دیا گیا۔کمشنر نے گوجرہ جھنگ روڈ پر چک 303 میں سیوریج زدہ تالاب کو ڈی واٹر کرنے کے عمل کی نگرانی کی اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

گزشتہ 48 گھنٹوں میں 58 جوہڑوں سے پانی خشک کیا جا چکا ہے اور دیہی علاقوں میں سیوریج کے لیے میگا منصوبے تجویز کیے جا رہے ہیں۔تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے کمشنر نے گندی بیڈ شیٹس کی موجودگی پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ دی، وارڈز اور ادویات سٹور کی نگرانی کی اور ہسپتال کی اندرونی روڈ فوری مرمت کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت کمشنر نے شہر کے وسط میں راؤنڈ اباؤٹ کی خوبصورتی، گرین بیلٹس کی سجاوٹ اور کلچرل وال کی تیاری کا معائنہ کیا۔ جناح پارک میں تفریحی سہولیات اور واکنگ ٹریک کی ترقیاتی سرگرمیوں کو سراہا۔مرکزی بازار اور شاپنگ مالز میں فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی راستوں اور آلات کی دستیابی کی تصدیق کی گئی۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ سیوریج منصوبے مون سون سے قبل مکمل ہوں اور رورل ایریاز کے لیے بھی منصوبے تیار کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں