دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی ضروری: رانا زاہد توصیف
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے پٹرولیم اور سینئر سیاستدان رانا زاہد توصیف نے اسلام آباد امام بارگاہ میں خود کش حملے کی مذمت کی اور کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے جس کے تدارک کے لیے موثر اور ٹھوس منصوبہ بندی ضروری ہے ۔
گزشتہ کئی سالوں سے جاری دہشت گردی کی لہر نے وطن عزیز کو معاشی طور پر پیچھے دھکیل دیا اور غیر ملکی سرمایہ کاری و ملکی ترقی بری طرح متاثر ہوئی ہے ۔ رانا زاہد توصیف نے بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کو کوئی مذہب نہیں، اور امام بارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں کی شہادت ایک المیہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ پوری پاکستانی قوم اس افسوسناک واقعے پر سوگوار ہے اور شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔