فیصل آباد کے کئی علاقوں میں پختہ تجاوزات جوں کی توں
سیاسی نمائندے کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ،تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلاامتیاز کارروائی ضروری :شہری
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) فیصل آباد شہر میں پختہ تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں، لیکن زیادہ تر علاقوں میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے ۔غلام محمد آباد،ڈی ٹائپ کالونی،منڈی کوارٹر،سمن آباد اور پیپلز کالونی میں پختہ تجاوزات جوں کی توں ہیں اور شہریوں نے گلیوں پر واشرومز، گیراج، لان اور بیڈرومز تک تعمیر کر رکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تجاوزات آپریشن آنکھ مچولی کا کھیل بن چکا ہے اور موثر حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے کارروائیوں سے کوئی مستقل حل سامنے نہیں آ رہا۔
عارضی تجاوزات جیسے ریڑھیاں اور چھابڑیاں روٹین آپریشن کے دوران ہٹا دی جاتی ہیں، لیکن میونسپل کارپوریشن، پیرا یا ضلع کونسل کے انکروچمنٹ سکوارڈ کے جانے کے بعد دوبارہ سے وہیں قائم ہو جاتی ہیں۔پختہ تجاوزات شہر کے اہم مسائل میں شامل ہیں۔ چند جگہوں پر میونسپل کارپوریشن کے سکوارڈ اور ریگولیشن برانچ نے ہیوی مشینری کے ساتھ آپریشن کیا، تاہم زیادہ تر علاقوں میں تجاوزات جوں کی توں موجود ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاسی نمائندے کارروائی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں کیونکہ وہ ووٹ لینے کے لیے یہ علاقہ چھوڑ دیتے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ شہر کو تجاوزات سے پاک کیا جا سکے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔