جھنگ:ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس، ترلائی دھماکہ کی مذمت
علماء کا حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کا اعلان،شہداء کیلئے دعا اجلاس میں شرکاء کا سوشل میڈیا پر نفرت آمیز مواد کی حوصلہ شکنی پر اتفاق
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بلال افتخار کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر محمود کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے علماء کرام اور مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران شرکاء نے ترلائی میں امام بارگاہ و میں خودکش دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء نے متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومت اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
یہ حملہ کسی ایک فرقہ کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان اور قومی سلامتی پر حملہ ہے۔علماء نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کیلئے باہمی اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے علماء برادری ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر نفرت آمیز اور اشتعال انگیز مواد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مسجد و منبر سے ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کا پیغام دیا جائے گا تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ مل سکے ۔