مشینی زراعت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے :ممتاز خاں

مشینی زراعت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے :ممتاز خاں

زرعی یونیورسٹی کے ماہرین کا منیس فارمز کا دورہ، مختلف شعبہ جات کا معائنہ بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اقدامات ناگزیر :ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد(نیوز رپورٹر)سابق صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک ممتاز خاں منیس نے کہا ہے کہ زرعی اراضی میں مسلسل کمی، فی ایکڑ پیداوار میں کمی اور غذائی استحکام کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید زرعی طریقہ کار اور مشینی زراعت کا فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ پیداوار میں اضافے کے ساتھ زرعی ترقی کا نیا باب رقم کیا جا سکے ۔وہ منیس فارمز کے دورے پر آئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی زیر قیادت دورہ کرنیوالے وفد نے ماڈل فارم کے مختلف شعبہ جات بشمول کینو کے باغات، کپاس، پیاز اور گندم کے کھیتوں، لائیو سٹاک، فشریز (ماہی پروری)، بائیو گیس پلانٹس اور جدید زرعی مشینری کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ممتاز خاں منیس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کسان کا بیٹا کسان نہیں بننا چاہتا، اس رجحان کو بدلنے کیلئے زراعت کو منافع بخش بنانا ہوگا ، ماہرین ٹھوس پالیسی سفارشات تیار کریں جو زرعی خوشحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوں۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے منیس فارم کو کسانوں کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے پیداوار میں اضافہ یقینی بنایا جا رہا ہے ،زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو جی ڈی پی میں 23 فیصد حصہ رکھتی ہے ، زمین کی صحت کی بحالی اور بڑھتی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اختراعی اقدامات ناگزیر ہیں۔وفد میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور ماہرین شریک تھے جنہوں نے فارم پر اپنائے گئے جدید طریقہ کار کو اہم قدم قرار دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں