کمشنر کا دورہ گوجرہ ، ناقص صفائی پر ٹھیکیداروں کو جرمانہ

کمشنر کا دورہ گوجرہ ، ناقص صفائی پر ٹھیکیداروں کو جرمانہ

تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں ایم ایس کو وارننگ،مریضوں کی عیادت

گوجرہ(نمائندہ دنیا)وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے احکامات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال و شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر ٹھیکیداروں کو مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے وارڈز اور واش رومز میں صفائی کے معیار نہ ہونے پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے ٹھیکیدار کو 2 لاکھ روپے جبکہ شہر میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹر کو 2 لاکھ روپے جرمانہ اور آئندہ کے لیے کڑی وارننگ جاری کر دی۔کمشنر نے گوجرہ جھنگ روڈ پر چک 303 میں سیوریج زدہ تالاب کو ڈی واٹر کرنے کے عمل کا جائزہ لیا ۔تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ کے دورے کے دوران کمشنر نے گندی بیڈ شیٹس پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو وارننگ دی، ہسپتال کے مختلف شعبوں، وارڈز اور ادویات سٹور کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی، ہسپتال کی اندرونی روڈ کی فوری مرمت کا بھی حکم دیا گیا

۔وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفیکیشن پروگرام کے تحت کمشنر نے تحصیل گوجرہ شہر کے بیوٹیفیکیشن اور ہارٹیکلچر کے جاری کاموں کا معائنہ کیا، گول چکروں، گرین بیلٹس اور کلچرل وال کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔ جناح پارک میں موجود تفریحی سہولیات اور وال پینٹنگ کو سراہا اور واکنگ ٹریک پر دلکش ٹائلز لگانے کی ہدایت دی۔مرکزی بازار کے شاپنگ مال میں فائر سیفٹی انتظامات کا معائنہ کیا ۔کمشنر نے کہا کہ عوامی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے اور اقدامات مکمل نہ کرنے والوں کو کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چک 297 میں واٹر پونڈ کا دورہ کیا اور اسے عوامی سہولت کے لیے استعمال کرنے کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں