لیبر کالونی راجہ غضنفر میں قبضہ مافیا کا راج: انتظامیہ خاموش
افسروں کا آپریشن کی بجائے کاغذی کارروائیاں کرکے ٹال مٹول ،زمین واگزار کرواکر ذمہ دار کے خلاف کارروائی کی جائے : الاٹیز
فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے ) جڑانوالہ روڈ پر لیبر کالونی راجہ غضنفر علی خاں میں سرکاری زمین پر قبضہ مافیا کا راج قائم ہے جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کروڑوں روپے مالیت کی زمین غفلت اور مبینہ ملی بھگت کے باعث قبضہ مافیا کے نرغے میں ہے ۔ وزیراعلیٰ کوٹہ کے 29 پلاٹس پر پختہ قبضے قائم ہیں، تاہم افسران انکروچمنٹ آپریشن کی بجائے کاغذی کارروائیاں کرکے ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 228 ر۔ب کی حدود میں جڑانوالہ روڈ پر 1987 میں پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مدد سے لیبر کالونی راجہ غضنفر علی خاں قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد کم آمدن والے افراد کو رہائشی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
یہ رہائشی کالونی مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے تعمیر کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق کالونی کے ڈسپوزل ورکس، ڈسپنسری اور کمرشل سنٹر کے لیے مختص سرکاری رقبے پر قبضہ مافیا نے ناجائز طور پر قبضہ جما رکھا ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کوٹہ کے تحت غیر الاٹ شدہ 29 پلاٹس پر بھی پختہ تعمیرات کر دی گئی ہیں۔ الاٹیز کے پلاٹس بھی قبضہ مافیا کے زیر قبضہ ہیں اور پرانے الاٹیز کے بچے فائلیں ہاتھ میں پکڑے اپنے پلاٹس کی تلاش میں نظر آتے ہیں۔ محکمہ لیبر فیصل آباد نے اس غیر قانونی قبضے سے متعلق متعدد بار لاہور دفتر کو تحریری طور پر آگاہ کیا، مگر کوئی فائدہ نہ ہو سکا۔ ڈائریکٹر لیبر ایسٹ نے 6 اپریل 2021 کو پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا،
تاہم کئی برس گزرنے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہ لائی جا سکی۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر لیبر ایسٹ نے انکروچمنٹ آپریشن کے لیے اسسٹنٹ کمشنر صدر سے عملہ، مشینری اور انتظامی معاونت طلب کی تھی۔ اس حوالے سے درخواست 20 جنوری 2026 کو ارسال کی گئی، جس پر سی پی او فیصل آباد اور ڈی ایس پی سرکل صدر کے دستخط اور مہریں بھی موجود ہیں، مگر تاحال سرکاری املاک سے ناجائز قبضہ ختم کروانے کے لیے نہ تو کوئی تاریخ مقرر ہو سکی ہے اور نہ ہی وقت کا تعین کیا جا سکا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں اورالاٹیزنے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لیبر کالونی کی زمین فوری طور پر واگزار کروائی جائے اور ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔