جنرل ہسپتال سمن آباد میں انتظامی غفلت، مریضوں کو مشکلات

 جنرل ہسپتال سمن آباد میں انتظامی غفلت، مریضوں کو مشکلات

رات کے اوقات میں ڈاکٹرزاورنرسز اکثر ڈیوٹی پوائٹس سے غائب،کارروائی کامطالبہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ اور دیگر شعبوں میں عملے کا ڈیوٹی سے غائب رہنا معمول بن چکا ہے ، جبکہ صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کے باعث پہلے ہی بیماریوں کا شکار مریض مزید خطرات میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال 250 بیڈز پر مشتمل ہے اور مقامی آبادیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، مگر حالیہ انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے یہ ہسپتال دن بہ دن بدحالی کا شکار ہے ۔ رات کے اوقات میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف اکثر ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود نہیں ہوتے اور اپنی نیند پوری کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔

ہسپتال میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ بدتمیزی اور ناروا رویے کے بھی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ صفائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے واش رومز، وارڈز اور دیگر شعبے غیر محفوظ ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے ہسپتال کی ناقص کارکردگی کے بارے میں اعلیٰ حکام کو رپورٹ بھیج دی ہے ، تاہم موجودہ انتظامیہ کے مبینہ تعلقات کی وجہ سے کسی کارروائی کا آغاز نہیں ہوا۔ شہری مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہسپتال کی صورتحال بہتر بنائی جائے اور غفلت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ مقامی لوگوں کو معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں