ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ میں دالوں کے عالمی دن کی تقریب
دالیں سستی،معیاری پروٹین کا ذریعہ،غذائی تحفظ کا مضبوط ستون ہیں:ساجد
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں دالوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد دالوں کی غذائی اہمیت، ملکی غذائی تحفظ، مٹی کی زرخیزی میں بہتری اور زرعی معیشت میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ساجد الرحمن، چیف سائنٹسٹ (ریسرچ) پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دالیں سستی اور معیاری پروٹین کا بہترین ذریعہ ہونے کیساتھ ملکی غذائی تحفظ کا مضبوط ستون بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دالوں کی مقامی سطح پر کاشت کو فروغ دے کر نہ صرف خوراک کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ درآمدات پر انحصار کم کر کے زرمبادلہ میں خاطر خواہ بچت بھی ممکن ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ کی تیار کردہ اقسام بٹل 21 اور بٹل 2022 کو اپنانے کی ہدایت کی کیونکہ یہ اعلیٰ پیداواری صلاحیت کی حامل ہیں۔ڈاکٹر خالد حسین، چیف سائنٹسٹ شعبہ دالیں نے کہا کہ دالیں زمین کی قدرتی زرخیزی بحال کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نئی اور بیماریوں کے خلاف مضبوط اقسام کی کاشت سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے اور زمین کی صحت برقرار رہتی ہے ۔ڈاکٹر جاوید احمد، چیف سائنٹسٹ شعبہ گندم نے \'کراپ روٹیشن\' کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دالوں کو بڑی فصلوں جیسے گندم سے پہلے کاشت کرنے سے زمین کی زرخیزی برقرار رہتی ہے اور آئندہ فصل کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو جدید طریقہ کار اپنانے کی تلقین کی تاکہ زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل ہو۔