سی ای او ایجوکیشن کا سکولوں کا دورہ، روزانہ وزٹ کی ہدایت
تعلیمی معیار، سکول انفراسٹرکچر، سکیورٹی اقدامات اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راؤ عبدالکریم نے ضلع بھر کے مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک دورہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (ڈی ای اوز)، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے دورے یقینی بنائیں اور ٹیچرز ڈائریز اور لیسن پلاننگ کو باقاعدگی سے چیک کریں۔سی ای او نے دورے کے دوران طلبہ کے تعلیمی معیار، سکول انفراسٹرکچر، سکیورٹی اقدامات اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن محمد وسیم ساجد نے بھی مختلف سکولوں کا دورہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے پرنسپلز ساجد رفیق، عامر شہزاد اور طاہرہ پروین کو شاباش دی۔ انہوں نے اساتذہ کو تعلیمی معیار مزید بہتر بنانے کی تلقین کی۔