یونیورسٹی آف کمالیہ کا کورین تعلیمی وفد کے ساتھ ایم او یو
مشترکہ تحقیق، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے ، تعلیمی و تکنیکی اشتراک کا آ غاز
لاہور (پ ر )یونیورسٹی آف کمالیہ میں بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے اہم سنگِ میل کے طور پر کوریا سے آئے تعلیمی وفد کے ساتھ مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ۔ اس معاہدے کے تحت مشترکہ تحقیق، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے ، تعلیمی و تکنیکی اشتراک اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔کورین وفد کا دورہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان طویل المدتی اور پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا، جس میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون اور صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی رہنمائی میں سہولت فراہم کی گئی، جو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے عالمی معیار کی تعلیم کے وژن کی عملی عکاسی ہے ۔وفد کا یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب سمیت انتظامیہ اور سینئر فیکلٹی نے پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں ایک باضابطہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی تعاون، مشترکہ تحقیقی منصوبے ، فیکلٹی و طلبہ کے تبادلے ، ڈیجیٹل لرننگ، جدید ٹیکنالوجی اور کورین زبان و ثقافت کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ یہ شراکت داری یونیورسٹی آف کمالیہ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور اس سے اساتذہ و طلبہ کو بین الاقوامی تحقیقی ماحول سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔ دورے کے دوران مہمان وفد نے یونیورسٹی کے مختلف تدریسی و تحقیقی شعبہ جات، لیبارٹریز اور جاری منصوبوں کا دورہ کیا اور خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں درخت لگانے کی تقریب منعقد ہوئی جسے دوطرفہ دوستی، پائیدار ترقی اور ماحولیاتی ذمہ داری کی علامت قرار دیا گیا۔