سمن آباد ہسپتال مسائل کا شکار،شہریوں کو مشکلات
صفائی کی ناقص صورتحال ، وارڈز میں بلیوں کی موجودگی پر لواحقین کی تشویش ، ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کے بیڈز بھی خستہ حال، سٹاف کا رویہ بھی نا مناسب
فیصل آباد (عبدالباسط سے )شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا سمن آباد جنرل ہسپتال انتظامی غفلت اور مبینہ لاپرواہی کے باعث مسائل کا گڑھ بن گیا۔ عملے کے مبینہ ناروا رویے اور بنیادی سہولیات کے فقدان کے سبب علاج کے لیے آنے والے مریض شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق 250 بیڈز پر مشتمل اس ہسپتال میں مختلف شعبہ جات قائم ہیں اور دور دراز علاقوں سے مریض علاج کی غرض سے یہاں آتے ہیں، تاہم موجودہ انتظامی صورتحال سے مایوس ہو کر واپس لوٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال اور بعض وارڈز میں بلیوں کی موجودگی پر بھی مریضوں اور لواحقین نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے مریضوں کو مبینہ طور پر کاغذی کارروائیوں میں الجھایا جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ سمیت مختلف وارڈز کے بیڈز خستہ حال اور غیر معیاری حالت میں ہیں، جس کے باعث مریض ان پر لیٹنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔یہ بھی انکشاف سامنے آیا ہے کہ بعض ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا رویہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ مناسب نہیں۔ ایمرجنسی وارڈ کے واش رومز کئی ماہ سے خراب ہونے کے باعث مریضوں کو دیگر وارڈز کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جس سے مزید مشکلات جنم لے رہی ہیں۔مزید برآں نئی عمارت میں بچھائی گئی پانی کی لائنوں میں لیکیج کے مسائل بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے عمارت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ ہسپتال میں ادویات کی قلت کے باعث مریضوں کو چیک اپ کے بعد خالی پرچی لے کر واپس جانا پڑ رہا ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سمن آباد جنرل ہسپتال میں درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات میسر آ سکیں۔