سمندری:غلہ منڈی میں ٹرانسفارمر خراب ، شہری پریشان
اکثر اوقات بجلی بند رہتی ہے ،تبدیلی کی درخواستیں دی گئیں ، کچھ نہ ہو سکا
سمندری (نمائندہ دنیا)غلہ منڈی میں نصب بجلی کا ٹرانسفارمر علاقہ مکینوں کے لیے وبال جان بن گیا ہے ۔ ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ سے مسجد میں نمازیوں کو نماز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ غلہ منڈی میں بجلی اکثر اوقات معطل رہتی ہے اور ڈیڑھ سو سے زائد دوکانوں میں بجلی کی فراہمی بھی غیر مستحکم ہے ۔ مقامی افراد نے دو سال سے متعلقہ حکام کو ٹرانسفارمر کی تبدیلی کی درخواستیں کی ہیں، مگر اب تک کوئی اقدام نہیں ہوا۔امام مسجد غلہ منڈی اور آڑھتیوں نے فیسکو حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی اور ٹرانسفارمر کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہری اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔