پاک چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ ،چینی نئے سال پر تقریب
مختلف جامعات، سرکاری اداروں اور کاروباری حلقوں کے نمائندگان کی شرکت
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ میں چینی نیا سال اور پاکستان و چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مختلف جامعات، سرکاری اداروں اور کاروباری حلقوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر رؤفِ اعظم، جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین، چولستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد مظہر ایاز، دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ریکٹر ڈاکٹر امان اللہ ملک، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ڈین ڈاکٹر صدام حسین اور ڈاکٹر ژو چانگ منگ، اسسٹنٹ کمشنر فیصل آباد سٹی عادل عمر، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف، سی این ایف کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل ذاکر علی خان، چن دی یی اور قونصلیٹ جنرل آف چائنا لاہور کے 15 دیگر نمائندگان شریک ہوئے ۔قونصلیٹ جنرل کے نمائندے مسٹر لیو نے پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، زراعت، تجارت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنا رہا ہے جبکہ عوامی روابط علاقائی خوشحالی کے فروغ میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔