جی سی یو ویمن یو نیورسٹی کا سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر
آخری روز طالبات اور فیکلٹی نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا ، مارچ پاسٹ
فیصل آباد(نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں تین ہفتوں پر محیط سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2026 کی اختتامی تقریب نہایت جوش و خروش سے منعقد ہوئی۔ آخری روز طالبات اور فیکلٹی نے مختلف کھیلوں میں بھرپور حصہ لیا جبکہ مختلف شعبہ جات کے منظم اور پُرجوش مارچ پاسٹ نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ مہمانانِ خصوصی نے مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور طالبات کے نظم و ضبط اور ٹیم اسپرٹ کو سراہا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ کھیل طالبات کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی نشوونما اور قائدانہ صلاحیتوں کو بھی جِلا بخشتے ہیں۔
انہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ وہ مثبت سوچ اور توانائی کے ساتھ زندگی گزاریں۔وائس چانسلر نے سپورٹس کمیٹی، کنوینر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ثمین، ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس فہمیدہ ایوب، ان کی ٹیم، فیکلٹی اور منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔اختتامی روز سو میٹر ریس، چاٹی ریس، ریلے ریس، رسہ کشی، لانگ جمپ، شاٹ پٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور والی بال سمیت مختلف مقابلے منعقد ہوئے ۔