سمن آباد جنرل ہسپتال میں ادویات کی قلت دورنہ ہوسکی ، مریضوں کو مشکلات کا سامنا
میلوں سفر کر کے آنے والے مریضوں کو گھنٹوں انتظار کروایا جاتا ، صرف چند سستی ادویات فراہم کی جاتی ہیں ، ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور طبی سہولیات میں بہتری لائی جائے :شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے )فیصل آباد کے گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ادویات کی قلت اور فقدان کا مسئلہ حل نہ ہو سکا ہے ۔ مفت علاج کے لیے کئی کلومیٹر کا سفر کر کے ہسپتال آنے والے مریض ڈاکٹرز کے کمرے کے باہر لمبی قطاروں میں کھڑے ہو کر گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد محض نسخہ لے کر واپس لوٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔مریضوں کو مبینہ طور پر صرف چند سستی ادویات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ اینٹی بائیوٹکس اور دیگر مہنگی ادویات بازار سے خریدنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ، جس سے مریض اور ان کے لواحقین شدید مایوسی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے درمیان مارکیٹ سے مہنگی ادویات خریدنا ان کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
ذرائع کے مطابق 250 بیڈز پر مشتمل یہ ہسپتال سمن آباد، مسعود آباد، نثار کالونی، نوابانوالہ، ڈی ٹائپ کالونی، سمندری روڈ، علامہ اقبال کالونی اور ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کو 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، لیکن انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ہسپتال کی کارکردگی تباہی کے دہانے پر ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور دیگر طبی سہولیات میں بہتری لائی جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو درپیش مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق کئی کلومیٹر دور سے سفر کرکے آنے والے مریضوں کو گھنٹوں ڈاکٹرز کے کمروں کے باہر بھی انتظار کرنا پڑتا ہے ۔