بس اڈوں کی کینٹینز ، موٹرویز ریسٹ ایریاز میں گرانفروشی جاری
ٹھیکیداروں کو مرضی کے دام پر ناقص اشیاء بھی فروخت کرنیکی کھلی چھوٹ، نوٹس کا مطالبہ
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور موٹروے پولیس کی غفلت کے باعث بس اڈوں کی کینٹینز اور موٹرویزکے ریسٹ ایریاز میں گرانفروشی کا سلسلہ نہ رک سکا، تمام اشیاء ریٹ لسٹ سے دوگنا قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بس اڈوں پر موجود کینٹینز اور موٹروے ریسٹ ایریاز میں موجود کینٹینز پر ناقص اشیائے خورونوش اور دیگر اشیاء مہنگے داموں فروخت کی جاتی ہیں، ان کینٹینز کا ٹھیکہ کروڑوں روپے میں کیا جاتا ہے ، انتظامیہ پیسے وصول کرکے ٹھیکیداروں سے لاتعلق ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ٹھیکیداروں کو مرضی کے دام پر ناقص اشیاء بھی فروخت کرنے کی کھلی چھوٹ مل جاتی ہے ۔
ہسپتالوں ، ریلوے اسٹیشن کی کینٹینز پر بھی لوکل کمپنیوں کی غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت معمول ہے ، بیشتر اشیا ء پر تو زائد المیعاد تاریخ بھی موجود نہیں ہوتی مگر تمام اشیا ء کے دام عام دکانوں سے زائد وصول کئے جا رہے ہیں ۔ موٹر وے کے ریسٹ ایریاز(قیام و طعام)پر چیزوں کی کوالٹی تو بہتر ہوتی ہے لیکن قیمتیں ریٹ لسٹ سے دوگنا سے بھی زائد وصول کی جاتی ہے۔ احتجاج کرنیوالے شہریوں کی شکایات کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا جاتا ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ موٹروے پولیس بھی کوئی اقدامات نہیں کرتی۔ذرائع کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس یا اسسٹنٹ کمشنرز تو موٹروے پر کارروائی کرنے کو ویسے ہی زحمت سمجھتے ہیں جس کا خمیازہ شہریوں کو گرانفروشی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔