چنیوٹ:رمضان المبارک کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس
لوگوں تک امن، بھائی چارے کا پیغام پہنچایا جائے :عائشہ رضوان،ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنرچنیوٹ عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت گزشتہ روز رمضان المبارک کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انجمن تاجران کے نمائند وں ، تمام مسالک کے علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شرکائے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ قریب آ رہا ہے ، جیسے پہلے بھی تمام معزز ممبران قیامِ امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں، اسی طرح اس مقدس مہینے میں بھی لوگوں تک امن، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام پہنچایا جائے ۔تمام مسالک کے علمائے کرام نے قیامِ امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ ملک اور یہ ضلع ہم سب کا ہے ، تمام مسالک امن کے قیام کیلئے ایک پیج پر ہیں اور باہمی اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں گے ۔اجلاس کے دوران امن کمیٹی ممبران نے چند اہم امور کے حوالے سے ضلعی افسران کو گزارشات پیش کیں جن پر فوری عملدرآمد کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔