سڑکیں خستہ حال ،صوفی ٹاؤن کے مکین بنیادی سہولیات سے محروم
آمدورفت میں مشکلات ،بارش کے دوران کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے لوگ پریشان
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )محلہ رحمت آباد کی اضافی آبادی صوفی ٹاؤن کے مکین بنیادی شہری سہولیات سے محروم ہیں اور متعلقہ محکموں کو درخواستیں دینے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں میں مکمل طور پر نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ریلوے انڈر پاس سے رحمت آباد تک جانے والی مرکزی سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اندرونی گلیاں بھی خستہ حالی کا منظر پیش کر رہی ہیں اور بارش کے دوران کیچڑ اور پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
صوفی ٹاؤن میں نہ تو باقاعدہ واٹر سپلائی کا نظام موجود ہے ، نہ سیوریج کی سہولت میسر ہے ، اور سوئی گیس کی فراہمی بھی تاحال نہیں کی گئی۔ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث لوگ پینے کا پانی خریدنے پر مجبور ہیں اور نکاسی آب نہ ہونے سے صفائی کے مسائل بڑھ گئے ہیں۔سماجی شخصیت عبد الرؤف گجر نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مرکزی سڑک کی تعمیر و مرمت کی جائے ، واٹر سپلائی اور سیوریج لائنیں بچھائی جائیں، اور اندرونی گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں سہولت میسر ہو اور علاقہ کی حالت بہتر بنائی جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ ادارے علاقے کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کریں اور اسے جاری ترقیاتی منصوبوں میں شامل کر کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔