فیصل آباد میں اڑ ھائی برس میں 880 نئی صنعتیں رجسٹرڈ

 فیصل آباد میں اڑ ھائی برس میں 880 نئی صنعتیں رجسٹرڈ

47 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا،صنعتوں کی شہر سے باہر منتقلی پر مشاورت جاری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاروں و تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے ۔ وہ ‘‘اکنامک کانفرنس’’ سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔کانفرنس میں گروپ لیڈر میاں محمد ادریس، صدر چیمبر شیخ فاروق یوسف، عاطف منیر شیخ، نوید اکرم شیخ، عاصم منیر سمیت مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیدار شریک ہوئے ۔5گھنٹے طویل کانفرنس میں 54 ایسوسی ایشنز کے صدور و نمائندگان نے صنعتی ترقی کے لیے تجاویز پیش کیں اور ڈویژنل انتظامیہ کے عوامی اقدامات کو سراہا۔

صدر چیمبر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔کمشنر نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو سے اڑھائی برس میں فیصل آباد میں 880 نئی صنعتیں رجسٹرڈ ہوئیں جبکہ 47 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی شہر سے باہر منتقلی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے اور صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں 80 سڑکوں کی بحالی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے 40 سے زائد کی کولڈ ملنگ کے ذریعے مرمت مکمل ہو چکی ہے جبکہ ماہِ صیام کے بعد مزید 30 سڑکوں پر کام شروع ہو جائے گا۔ کمشنر نے بتایا کہ ویسٹ واٹر براہِ راست چینلز میں چھوڑنے والی 150 سے زائد صنعتوں کو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں