یومِ شہادت حضرت علیؓ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس فول پروف سکیورٹی اور بہترین انتظامی اقدامات کے لیے سرگرم ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے ڈی پی او تصور اقبال کے ہمراہ چک نمبر 205 ڈبلیو بی امام بارگاہ کا دورہ کیا اور سکیورٹی و انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے امن کمیٹی کے ممبران، منتظمین اور لائسنسداران سے ملاقات کی اور جلوس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ منتظمین اور امن کمیٹی کے ممبران نے فول پروف سکیورٹی اور انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی اور رکاوٹوں کے خاتمے کے اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مکمل الرٹ ہیں۔ڈی پی او تصور اقبال نے ہدایت کی کہ پولیس افسران اور جوان جلوسوں اور مجالس کے دوران الرٹ رہیں اور سکیورٹی پلان کے مطابق ہر شخص کی باڈی چیک اور تلاشی لی جائے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میلسی سعد بن خالد بھی موجود تھے ۔