عید سے قبل چوری و ڈکیتی کی وارداتیں بڑھ گئیں، شہری خوفزدہ
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) عید الفطر کے قریب شہر میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے ،
جس کے باعث شہری خوف و ہراس کا شکار ہیں اور پولیس گشت کو موثر بنانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر کی حدود میں عرفان سکنہ 453 ای بی اور اس کے ساتھی مزمل عامر کے ساتھ گھر جا رہے تھے کہ راستے میں دو مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کر موبائل فونز اور 37 ہزار روپے نقدی چھین لی اور فرار ہو گئے ۔ اسی طرح چوری کی دیگر وارداتوں میں منشاء سکنہ 417 ای بی سے 11 ہزار روپے نقدی اور جیب سے قیمتی سامان چھین لیا گیا، یامین سکنہ 146 ای بی کی ایک بکری چوری ہو گئی اور اسرار حسین سکنہ 263 ای بی کے سولر کے تاریں مالیتی 130 ہزار روپے چوری کر لیے گئے ۔تھانہ گگو کی حدود میں شوکت سکنہ 203 ای بی کے پولٹری فارم سے دو بیٹریاں اور 25 من لکڑیاں، جبکہ نور احمد سکنہ 215 ای بی سے موبائل فون آئی فون چوری ہو گیا۔ تھانہ ماڈل ٹاؤن کی حدود میں شکیلہ زوجہ بلال کا واٹر پمپ اور تھانہ سٹی کی حدود لاہور روڈ ورکشاپ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا، جس میں 4 بیٹریاں اور گرینڈر ویلڈنگ پلانٹ شامل ہیں۔متاثرین نے پولیس کی ناقص گشت کی وجہ سے وارداتوں میں اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال محفوظ رہ سکے ۔