250 مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم

250 مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکیج تقسیم

وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) فارمنگ انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (فدا) نے زکوٰۃ فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون سے ضلع وہاڑی میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا،

جس میں بیوہ خواتین کی سربراہی میں چلنے والے 250 مستحق خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکجز تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے کابینہ ڈویژن سید ساجد مہدی سلیم شاہ اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے تعلیم پنجاب ملک نوشیر خان انجم لنگڑیال مہمانانِ خصوصی تھے ۔مہمانانِ خصوصی نے خطاب میں فدا اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امداد کو عزت و وقار کے ساتھ مستحق افراد تک پہنچانا قابلِ تحسین اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سماجی سرگرمیاں معاشرے میں ہمدردی اور یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں اور حکومت و سول سوسائٹی کے درمیان تعاون کی بہترین مثال ہیں۔فدا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اقبال نے کہا کہ یہ تقریب صرف فوڈ پیکجز کی تقسیم تک محدود نہیں بلکہ ان باہمت خواتین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی ہے جو مشکل حالات میں اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فدا گزشتہ بیس برسوں سے ذریعہ معاش کے تحفظ، غذائی سلامتی، موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف قوتِ برداشت، مارکیٹ تک رسائی اور صحت و صفائی کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہی ہے ۔معروف سماجی کارکن عتیق الرحمٰن نے مہمانانِ خصوصی کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ ضرورت مند خاندانوں تک سرکاری فلاحی اسکیموں کے ثمرات مؤثر انداز میں پہنچائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ فدا کی معاونت سے ماچھیوال کے تقریباً ایک ہزار مستحق خاندانوں کا تفصیلی ڈیٹا تیار کیا گیا ہے ، جو سرکاری اسکیموں کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے تاکہ امداد واقعی مستحقین تک پہنچ سکے ۔تقریب میں سماجی شخصیات، کسان نمائندوں اور علاقے کے مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فلاحی اقدامات کو سراہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں