مون سون سے قبل 15 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کی تعمیر جاری

 مون سون سے قبل 15 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویلز کی تعمیر جاری

3 کو مکمل کر لیا گیا ، بارشی پانی کو فلٹر کر کے زمین میں شامل کیا جائے گا

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)واسا فیصل آباد کے زیرِ انتظام شہر بھر میں 15 گراؤنڈ واٹر ریچارج ویل تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 3 مکمل کر لیے گئے ہیں۔ مدینہ ٹاؤن ہاکی اسٹیڈیم میں قائم ریچارج ویل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شرکت کی۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں شہر کے 15 مختلف مقامات پر ریچارج ویلز تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک پور، خضریٰ مسجد کے قریب اور ہاکی سٹیڈیم مدینہ ٹاؤن میں ریچارج ویلز مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ دیگر مقامات پر تعمیراتی کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور انہیں مون سون سیزن سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ایم ڈی واسا کے مطابق بارشوں کے دوران ان ریچارج ویلز کے ذریعے 20 لٹرفی سیکنڈ کی رفتار سے بارشی پانی کو فلٹر کر کے زمین میں شامل کیا جائے گا، جس سے زیرِ زمین پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ۔کمشنر راجہ جہانگیر انور نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو نکاسیٔ آب کی معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ واسا فیصل آباد اپنی تمام مشینری فعال اور ہنگامی انتظامات مکمل رکھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں