اتائیوں ، گداگروں کیخلاف سخت ایکشن کا حکم
کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ،بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی ہدایت، اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد کی ضروریات اور مسائل پر ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی مشترکہ نشست میں ڈپٹی کمشنر اور کرنل عدیل کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کارپوریشن، محکمہ ماحولیات، ٹرانسپورٹ اتھارٹی، سول ڈیفنس، پولیس اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسر بھی شریک ہوئے ۔اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری مہمات اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ آپریشنز، جرمانوں اور درج کی گئی ایف آئی آرز کی رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر نے بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹریفک لا انفورسمنٹ کے مؤثر اقدامات کے باعث حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے ، انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہ برتنے اور گداگروں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ کی ہدایت بھی دی۔ اسٹیٹ لینڈ پر قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا اور سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے خلاف سخت قانونی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔نان کسٹم پیڈ اشیا اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کی پیشرفت پر بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ سمگل شدہ اور غیر قانونی سامان کے خلاف کارروائیاں نتیجہ خیز بنائی جائیں۔کرنل عدیل نے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی اور اداروں کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو سراہا اور امن و امان، شہری سہولیات اور قانون کی عملداری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ڈپٹی کمشنر نے اختتام پر واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی بھی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔