جنرل ہسپتال سمن آباد میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی برقرار، مریض مشکلات کا شکار
ہسپتال کی انتظامیہ کے مبینہ غیر مناسب روئیے کی وجہ سے زیادہ تر ڈاکٹرز اور عملہ دیگر ہسپتالوں میں ٹرانسفر کروانے لگا ، شہریوں کی شکایات کے باوجود انتظامیہ سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی
فیصل آباد (عبدالباسط سے )جنرل ہسپتال سمن آباد میں مختلف شعبہ جات میں ڈاکٹرز کی عدم تعیناتی اور عملے کی کمی کے باعث علاج معالجے کے لیے آنے والے مریض شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ شعبہ آئی، ڈینٹل اور دیگر شعبہ جات میں کمی کے باعث مریض دیگر سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات مبینہ طور پر مؤثر ثابت نہیں ہو رہے ۔ 2016 میں قائم کیے گئے 250 بیڈز پر مشتمل ہسپتال میں تمام شعبہ جات اور سرجری کی سہولیات کی فراہمی کے دعوے کیے گئے تھے ، تاہم انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے متعدد شعبہ جات میں ڈاکٹرز اور عملے کی کمی برقرار ہے۔
اس کے نتیجے میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو علاج میسر نہ ہونے کی صورت میں واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔ ہسپتال کی موجودہ انتظامیہ کے مبینہ غیر مناسب روئیے کی وجہ سے زیادہ تر ڈاکٹرز اور عملہ دیگر ہسپتالوں میں ٹرانسفر کروانے کو ترجیح دینے لگے ہیں، ہسپتال کی صورتحال دن بہ دن بگڑتی جا رہی ہے ۔ مریضوں اور شہریوں کی جانب سے متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود انتظامیہ سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے جنرل ہسپتال میں سہولیات کی فوری بحالی اور مریضوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ معاملے سے متعلق موقف جاننے کے لیے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کیا گیا، لیکن انہوں نے کوئی جواب فراہم نہیں کیا۔