ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر کا علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ
نیلامی کے عمل کا جائزہ ، اشیائے خور ونوش کا معیار اور قیمتیں چیک کیں
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلعی انتظامیہ جھنگ کی جانب سے رمضان المبارک سے قبل شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے افسروں کے ہمراہ نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف اشیائے خور ونوش کا معیار اور قیمتیں چیک کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بولی کے عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور سرکاری نرخنامے کے مطابق قیمتوں کے تعین کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ منڈی میں باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے تاکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
مزید برآں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے نگہبان رمضان بازار کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے موقع پر موجودصارفین سے بھی گفتگو کی اورنگہبان رمضان بازار میں سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے اشیاء کے معیار کو چیک کرنے کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اشیا ء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔