جھنگ:خواتین کے تحفظ،عوامی مقامات پر سکیورٹی کے اقدامات
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کی زیر صدارت شاہین اسکواڈ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان المبارک کے دوران خواتین کے تحفظ اور عوامی مقامات پر امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خواتین کے ساتھ بدتمیزی، ہراسانی اور نازیبا رویے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی او جھنگ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران بازاروں، شاپنگ سنٹرز اور رش والے تجارتی مراکز میں خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے شاہین اسکواڈ کو ہدایت دی کہ ہراسانی، جیب تراشی اور اسٹریٹ کرائم کے سدباب کے لیے فوری رسپانس یقینی بنایا جائے اور رش والے علاقوں کے اطراف مؤثر گشت میں اضافہ کیا جائے ۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہ کیا جائے ۔