روڈ کٹس کی فوری بحالی کا حکم، نگرانی کیلئے خصوصی کمیٹی قائم
کمشنر فیصل آباد کا بلااجازت کھدائی روکنے اور این او سی نظام سخت کرنے کا فیصلہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن راجہ جہانگیر انور نے شہر بھر میں روڈ کٹس کا سروے کرکے ان کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے ۔ کمیٹی مختلف اداروں اور ٹھیکیداروں کی جانب سے شاہراہوں پر روڈ کٹس کے طریقہ کار کا جائزہ، نگرانی اور انسپکشن کرے گی۔کمشنر نے کہا کہ سڑکوں پر بلااجازت روڈ کٹس کے باعث شاہراہیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جبکہ متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداروں کی جانب سے بروقت بحالی پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔انہوں نے بتایا کہ روڈ کٹس کی بحالی کے ساتھ ساتھ آئندہ مرحلے میں مزید سڑکوں کی مرمت اور بحالی کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، ڈی ایم ڈی انجینئرنگ واسا اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر شامل ہیں۔کمیٹی موجودہ روڈ کٹس، کھدائی اور بحالی کے طریقہ کار کا معائنہ کرے گی تاکہ حفاظتی اقدامات اور ماحولیاتی معیار کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کمیٹی شہر بھر میں روڈ کٹس کے لیے این او سی کے اجرا سے متعلق سفارشات بھی پیش کرے گی اور بحالی کے لیے مقررہ وقت کا تعین کرکے اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔مزید برآں یہ بھی یقینی بنایا جائے گا کہ روڈ کٹس صرف باقاعدہ اجازت اور مقررہ فیس کی ادائیگی کے بعد کی جائیں۔